فلسطین اور ترکی نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون کی ایک یادداشت منظور کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کی یاداشت استنبول میں منعقدہ ایک تقریب میں منظور کی گئی۔ تقریب میں فلسطینی خاتون وزیر برائے امور خواتین ھیفاء الآغا اور ترکی کی سماجی اور عائلی سروس کی وزیرہ زھراء زمرد سلجوق نے دستخط کئے۔
دونوں خواتین وزراء نے استنبول میں خواتین کی بہبود وترقی کے حوالے سے منعقدہ تیسری عالمی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی۔ یہ کانفرنس جمعہ کے روز منعقد کی گئی تھی۔
ترک خاتون وزیر زمرد سلجوق نے کہا کہ انہوں نے فلسطینی وزیرہ برائے امور خواتین کے ساتھ خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
مسز سلجوق کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد خواتین پر تشدد، ان سے امتیازی سلوک کی روک تھام اور تعلیم کے شعبے میں انہیں زیادہ سے زیادہ مستحکم کرنے کی کوشش ہے۔
دوسری جانب فلسطینی خاتون وزیرہ ھیفاء الآغا نے ترکی کی جانب سے تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔