اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ایک ذمہ دار ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ 11 نومبر کو غزہ میں اسرائیلی فوج کی سرجیکل کارروائی کے تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
مجاھدین کی تحقیقاتی ٹیم نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں ہونے والی اس وحشیانہ کارروائی کی اہم تفصیلات حاصل کی ہیں۔ مجاھدین نے اسرائیل کی اسپیشل کمانڈو یونٹ کی جانب سے کارروائی کے دوران استعمال کی جانے والی ڈیوائسز اور آلات بھی حاصل کیے ہیں جب کہ کارروائی کی خفیہ تصاویر بھی لے لی گئی ہیں۔
الجزیرہ ٹی وی چینل نے القسام بریگیڈ کے ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے اسرائیلی کمانڈو یونٹ کے ان اہلکاروں کی نشاندہی کرلی ہے جو 11 نومبرکے روز ہونے والی کارروائی میں شامل تھے۔ فلسطینی مجاھدین نے واقع کی تصاویر لینے کے ساتھ کارروائی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی بھی تصاویر حاصل کی ہیں جنہیں مقامی شہریوںکے لیے عام کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 11 نومبر کو اسرائیلی فوج کے کمانڈوز نے غزہ میں گھس کر خان یونس میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر نورالدین برکہ سمیت 7 فلسطینیوں کو شہید اور 7 کو زخمی کر دیا تھا۔