امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بغیر اسرائیل کا وجود ممکن نہیں تھا۔ اگر سعودی عرب تعاون نہ کرتا تو اسرائیل بہت بڑی مصیبت میں ہوتا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بری قرار دیے جانے کے فیصلے کے بعد امریکی صدر نے کہا کہ اگر سعودی عرب نہ ہوتا اسرائیل کا وجود ہر وقت خطرے میں رہتا۔
ریاست فلوریڈا میں ایک تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان گہرے دوستانہ مراسم ہیں۔ یہ بات ان کے لیے حیران کن نہیں کہ سعودیہ نے ہمیشہ اسرائیل کا دفاع کیا اور اسرائیل کے حوالے سے سعودیہ نے 23 اکتوبرکی جنگ میں غیر معمولی کردار ادا کیا تھا۔
"خلیج آن لائن” ویب سائیٹ کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ سعودی عرب امریکا کا دیرینہ اتحادی ہے اور اس نے امریکا میں غیرمعمولی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ سعودیہ نے اسرائیل کے حوالے سے بھی ہماری بہت مدد کی ہے۔
ادھر اخبار واشنگٹن پوسٹ نے الزام عاید کیا ہے کہ ٹرمپ صحافی جمال خاشقجی کے اصل قاتل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اخباری رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ادارے تصدیق کرتے ہیں کہ خاشقجی کے مجرمانہ قتل میں محمد بن سلمان کا ہاتھ ہے مگر امریکی انتظامیہ اور صدر جان بوجھ کر مجرم کو بچا رہے ہیں۔