بچوں کی عالمی تنظیم ڈیفنس برائے اطفال کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے رواں سال کے دوران غزہ کے 46 بچوں سمیت فلسطین بھر سے 52 فلسطینی بچوں کو شہید کردیا ہے۔
گزشتہ روز جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہید کردہ فلسطینی بچوں میں سے 18 کو اسرائیلی فوج نے سر میں گولی ماری جبکہ نو بچوں کو چھاتی، سات کو پیٹ اور پانچ بچوں کو گردن میں گولیاں ماری گئیں۔ اس کے علاوہ دیگر بچوں کو جسم کے دوسرے حصوں پر گولی سے نشانہ بنایا گیا۔
عالمی تنظیم نے اسرائیلی فوج پر الزام عاید کیا کہ وہ جانتے بوجھتے ہوئے ان بچوں کو نشانہ بناتے ہیں اور فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کرتے ہیں۔
ڈیفنس برائے اطفال کا کہنا تھا کہ بچوں کو نشانہ بنانے کا عمل اسرائیلی فوجیوں کو حاصل اعتماد کا عکاس ہے۔ اسرائیلی فوجیوں کو اعتماد ہے کہ ان کی تمام سرگرمیوں کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔