ایران کی مسلح افوج اور پاسداران انقلاب نے گذشتہ ہفتے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ایک بزدلانہ حملے کے دوران بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی مجاھدین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق پاسداران انقلاب کے جنرل کمانڈر میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی بزدلانہ کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی مجاھدین نے جس جرات اور بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ فلسطینی مجاھدین نے دشمن کے اس اچانک حملے کا بے جگری کے ساتھ مقابلہ کرکے دشمن پر واضح کردیا ہے کہ بزدل دشمن کسی صورت میں فلسطینی مجاھدین کے سامنے سر خرو نہیں ہوسکتا۔
خبر رساں ایجنسی "تسنیم” کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں فلسطینی مجاھدین نے غزہ میں دشمن کا بہادری اور بے جگری کے ساتھ مقابلہ کرکے فتح ونصرت کی ایک نئی مثال رقم کی ہے۔
جنرل موسوی کا کہنا تھا کہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب فلسطینی قوم آزادی کی منزل سے ہم کنارہوگی اور صہیونی ریاست صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی۔
درایں اثناء ایرانی عہدیدار بریگیڈیئر جنرل علی حاجی زادہ نے بھی فلسطینی مزاحمت کاروں کی بہادر اور دلیری کے ساتھ دشمن فوج کے ساتھ مقابلے کی خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 48 گھنٹوں کے دوران دشمن جنگ بندی پر مجبور ہوا ہے۔ اگر فلسطینی مجاھدین جرات کے ساتھ نہ لڑتے تو اسرائیل غزہ کی پٹی پر فوج کشی کرتا۔