فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں صدر عباس کے ماتحت سیکیورٹی فورسز اور اسرائیلی فوج کے درمیان سیکیورٹی تعاون کوئی نئی بات نہیں، مگر بعض اوقات اس بے معنی دوستی کے ایسے مظاہر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں جسے سننے والے حیران رہ جاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں فلسطینی پولیس کے ایک افسر کو اسرائیلی فوجیوں کی خراب ہونے والی گاڑی ٹھیک کرتے دیکھاجاسکتا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ غرب اردن کے شہر الخلیل کا ہے جہاں فلسطینی پولیس افسر اور الخلیل کے پولیس ڈائریکٹر کرنل احمد ابو الرب اسرائیلی فوجی جیب کاٹائر بدل رہے ہیں اور اسے ٹھیک کرنے میں صہیونی فوج کی مدد کررہے ہیں۔
جب یہ واقعہ پیش آیا تو اس وقت تحریک فتح کے الخلیل شہر کے سیکرٹری ڈاکٹر کمال مخامرہ وہاں سے گذر رہے تھے۔ انہوں نے بھی فلسطینی پولیس کے کرنل کو دشمن فوج کی گاڑی ٹھیک کرنے میں ان کی مدد کرتے دیکھا۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کا بہت زیادہ تمسخر اڑایا جا رہا ہے۔ فلسطینی پولیس افسر کی جانب سے صہیونی فوجیوں کی گاڑی ٹھیک کرنے کے واقعے پر فلسطینی عوام میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔