اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں وحشیانہ بم باری کے دوران "الاقصیٰ” ٹی وی چینل کی عمارت مکمل طور پر تباہ کر دی۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس عمارت پر 6 میزائل برسائے جس کے نتیجے میں عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ اسرائیلی بمباری کے بعد الاقصیٰ ٹی وی چینل کی نشریات بند ہوگئی ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے سوموار کے روز غزہ میںدسیوں مقامات پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوموار کے روز غزہ کی پٹی سے داغے گئے راکٹوں کے نتیجے میں 19 اسرائیلی زخمی ہوئے ہیں۔ صہیونی فوج کے مطابق گذشتہ روز غزہ پر 20 مقامات پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔
غزہ میں حماس کی حکومت کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں دو فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں جب کہ عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے مطابق مارے جانے والے دونوں افراد اس کے جنگجو تھے۔ اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی سے مسلسل داغے جانے والے راکٹ حملوں میں بڑی تعداد میں صہیونی زخمی ہوئے ہیں۔ قابض فوج کے مطابق غزہ سے 200 سے زاید راکٹ فائر کیے گئے۔
عبرانی ٹی وی چینلوں کے مطابق غزہ کی پٹی سے داغا گیا ایک مارٹر گولہ اسرائیلی بس پر جا گر جس کے نتیجے میں بس میں سوار متعدد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔