امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر کہا ہے کہ امریکا صحافی جمال خاشقجی کے قاتلوں کا مکمل احتساب کرے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ھیذر نویرٹ نے کہا کہ وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد کو ٹیلیفون کیا جس میں انہوں نے کہا سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قاتلوں کو معاف نہیں کیا جاسکتا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا جمال خاشقجی کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ نے سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ وہ یمن میں جاری معاندانہ سرگرمیاں اور حملے بند کرے اور تمام متحارب فریقین کو مذاکرات کی میز پر لائے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب مسلسل 18 دن تک جمال خاشقجی کے قتل سے انکار کرتا رہا ہے مگر اب سعودی عرب نے تسلیم کیا ہے کہ خاشقجی کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل کیا گیا مگر اس میں حکومت کا ہاتھ نہیں۔ سعودی عرب نے خاشقجی کے قتل میں ملوث 18 افراد کو حراست میں لے کران کے خلاف کارروائی بھی شروع کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم انسانی حقوق کی تنظیمیں سعودی عرب کے طرز عمل کو غیر شفاف قرار دے رہے ہیں۔