فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر جمعہ کےروز ہونے والے مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے طاقت کا استعمال کرکے مزید فلسطینی شہری کو شہید اور دسیوں کو زخمی کر دیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کی شام اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غزہ کی مشرقی سرحد پر 28 سالہ رامی وائل اسحاق قحمان شہید جب کہ ڈیڑھ سو سے زاید فلسطینی زخمی ہوئے۔
مرکز کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پر جمع ہونے والےفلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ اور سیدھی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 144 افراد زخمی ہوگئے۔ ان میں سے 37 فلسطینی براہ راست گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق امدادی کارکنوںنے جمعہ کی شام غزہ کی مشرقی سرحد پر زخمی ہونے والے 144 فلسطینیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔
ادھر گذشتہ روز غزہ کی مشرقی سرحد پر قطری سفیر محمد العمادی نے بھی دورہ کیا۔ وہ پہلے عرب سفیر ہیں جنہوںنے غزہ میں ہونے والے فلسطینی مظاہروں کے کیمپوں کا دورہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء سے غزہ کی مشرقی اور شمالی سرحد پر ہونے والے حق واپسی مظاہروں میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 233 فلسطینی شہید اور 24 ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔