فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے المغازی میں پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید ہوگیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کے روز اس وقت پیش آیا جب فلسطینیوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی فوجیوںنے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینی کا جسد خاکی دیر البلح میں شہداء الاقصیٰ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس کے سینے میں گولیاں ماری گئیں جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید فلسطینی نوجوان کی شناخت محمد علاء محمود ابو شرین کے نام سے کی گئی ہے۔ اس کی عمر20 سال ہے اور وہ رفح کا رہائشی ہے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غزہ میں 233 فلسطینی شہید اور 24 ہزار سے زاید زخمی ہو چکے ہیں۔