اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم کے نواحی علاقے "شویکہ” کے رہائشی مفرور مزاحمت کار اشرف نعالوہ کا مکان مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عبرانی ٹی وی چینل 7 کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی سینٹرل کمانڈ کے چیف نے گذشتہ روز مفرور فلسطینی مزاحمت کار اشرف نعالوہ کا مکان مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔
ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج سینیر کمان کے حکم پرآئندہ اتوار تک عمل درآمد کرتے ہوئے اشرف نعالوہ کا مکان مسمار کردے گی۔
خیال رہے کہ اشرف نعالوہ نے 7 اکتوبر کو سلفیت میں قائم "برکان” یہودی کالونی میں ایک حملے میں دو یہودی آباد کار ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا تھا۔ اشرف اس کارروائی کے بعد فرار ہوگیا تھا جسے اسرائیلی فوج ابھی تک گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ قابض فوج نے مزاحمت کار کے خاندان کو اجتماعی سزا دینے کے لیے ان کا مکان مسمار کرنے کا نسل پرستانہ فیصلہ کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نےاسرائیلی فوج کے اس حکم نامے کی شدید مذمت کی ہے۔