فلسطینی محکمہ اوقاف ومذہبی امور نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی دیواریں بالخصوص مشرقی دیوار بوسیدہ ہوچکی ہے جب کہ صہیونی ریاست مسجد کی دیواروں کی مرمت میں دانستہ طور پر رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی اوقاف کی طرف سے جاری کردہ بیان میں مسجد اقصیٰ کی مشرقی دیوار کی مرمت میں رکاوٹ کی تمام ذمہ داری صہیونی ریاست پرعاید کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بوسیدگی کی وجہ سے مسجد کی مشرقی دیوار کو نقصان پہنچ رہا ہے اور اس کے پتھروں کا رنگ تبدیل ہوچکا ہے۔
بیان میں کہا گیاہے کہ مسجد اقصیٰ کی مشرقی دیوار کی ناگزیر اور فوری مرمت ضرورت ہے۔ اسرائیلی حکام محکمہ اوقاف کے عملے کو تعمیراتی سامان مسجد تک لے جانے کی اجازت نہیں دے رہے جس کے نتیجے میں دیوار کی مرمت کا کام کئی سال سے تعطل کا شکار ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی تعمیر ومرمت میں تاخیر نمازیوںکے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔ بعض بوسیدہ دیواریں کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں فلسطینی محکمہ اوقاف نے جتنی بھی کوششیں کی ہیں۔ انہیں ناکام بنا دیا گیا۔