جمعه 15/نوامبر/2024

غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش، ایک فلسطینی شہید، 81 زخمی

منگل 30-اکتوبر-2018

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی شمالی سرحد پر بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 81 شہری زخمی ہوگئے۔ یاد رہے کہ غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی یہ 14 ویں کوشش تھی جسے صہیونی حکام نے ناکام بنا دیا۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی بحری ناکہ بندی توڑنے والے فلسطینیوں پر قابض فوج نے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے 27 سالہ محمد عبدالحی ابو عبادہ شہید اور 81 فلسطینی زخمی ہو گئے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فائرنگ سے 29 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ 15 فلسطینی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ غزہ ساحل کے مقام پر اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور ناکہ بندی کے خلاف اور حق واپسی کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں فلسطینیوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے درجنوں فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔

خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام گذشتہ کئی ہفتوں سے علاقے کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز غزہ کی سمندری ناکہ بندی توڑنے کی 14 ویں کوشش کی گئی جسے اسرائیلی فوج نے ناکام بنا دیا۔

یاد رہے کہ 30 مارچ 2018ء کے بعد سے غزہ میں جاری احتجاجی تحریک کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں 220 سے زاید فلسطینی شہید اور 23 ہزار سے زاید زخمی ہو چکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی