قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے میں گذشتہ جمعہ کے روز زخمی ہونے والا ایک فلسطینی دم توڑ گیا، جس کے بعد جمعہ کے روز شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 37 سالہ یحییٰ بدر محمد الحسنات گذشتہ جمعہ کو غزہ کی پٹی میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔
الحسنات کو اسرائیلی فوج کے نشانہ بازوں نے سر میںگولی ماری تھی اور وہ موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد گذشتہ روز اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ڈاکٹروں نے اس کی زندگی بچانے کے لیے اس کی سرجری بھی کی مگر اس کی زندگی نہیں بچ سکی۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوج نےغزہ کی پٹی پر مظاہروں میں حصہ لینے والے فلسطینیوں پر براہ راست گولیاں چلائی تھیں جس کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید اور 250 زخمی ہوگئے تھے۔ 30 مارچ کے بعد سے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی میں 200 سے زاید فلسطینی شہید اور 22 ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔