فلسطین میں مقدس مقامات کی خفیہ طریقوں سے املاک ہتھیانے کے اسکینڈل کے منظرعام پر آنے کے بعد عیسائیوں کے سب سے بڑی عبادت گاہ "القیامہ چرچ” کے مسلمان کلید بردار ادیب جودہ کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے بعد ان کی جگہ لوئی جودہ کو کلید بردار مقرر کیا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق گرجا گھروں کی املاک چوری کے اسکینڈل کے بعد آل جودہ خاندان کا اہم اجلاس ہوا جس میں القیامہ چرچ کے کلید بردار کو ان کے عہدے سے ہٹا کر یہ منصب اسی خاندان کے دوسرے فرد لوئی جودہ کو دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آل جودہ خاندان کوخلافت عثمانیہ کے دوران القیامہ چرچ کا کلید بردار مقرر کیا گیا تھا۔
ادھر آل جودہ خاندان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ کلید بردار کونسل کا اجلاس ہوا جس میں 15 ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پرآل جودہ کے چشم وچراغ لوئی جودہ کو القیامہ چرچ کا نیا کلید بردار مقرر کیا گیا ہے۔
یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں لائی گئی ہے جب دوسری جانب القدس میں موجود عیسائی عبادت گاہوں کی بعض ایجنٹون کے ذریعے املاک یہودیوں کو فروخت کرنے کی خبریں گردش کررہی ہیں۔ آل جودہ خاندان کا کہنا ہے کہ اگر خاندان کا کوئی فرد اس اسکینڈل میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئندہ کے لیے لوئی سیعد ھاشم جودہ عیسائیوں کی عظیم عبادت گاہ کے کلید بردار ہوں گے۔