عرب لیگ نے فلسطین کے تاریخی شہر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج اور پولیس کے ہاتھوں نہتے عیسائی شہریوں اور گرجا گھروں کے پادریوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پرانے بیت المقدس میں "القیامہ” چرچ کے صحن میں احتجاج کرنے والے عیسائی کارکنوں اور پادریوں پر اسرائیلی فوج کا حملہ ناقابل قبول اور وحشیانہ حرکت ہے۔ اس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ بدھ اور جمعرات کے روز اسرائیلی فوج نے بیت المقدس میں عیسائی برادری کی طرف سے نکالی گئی ایک احتجاجی ریلی پرحملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد پادریوں سمیت کئی شہری زخمی اور گرفتار ہوگئے تھے۔
عیسائی کمیونٹی دیر السلطان گرجا گھر کی تعمیر ومرمت پر پابندی اور القدس میں موجود گرجا گھروں کی املاک پر اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاج کر رہی تھی کہ قابض فوج ان پر پل پڑی۔
عرب لیگ کا کہنا ہے کہ وہ القدس میں فلسطینی مسلمانوں اور عیسائی برادری کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
بیان میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ دیر السلطان گرجا گھر کی تعمیر پر پابندی فوری ختم کرے اور چرچ کی مرمت کی اجازت دی جائے۔