اسرائیل کے سرکاری ریڈیو نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حکومت نے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان مجوزہ امن منصوبے پر کام مکمل کرلیا ہے اور آئندہ ہفتے امریکا اس منصوبے کی تفصیلات سے اسرائیل کو آگاہ کرے گا۔
عبرانی ریڈیو کے مطابق آئندہ ہفتے امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ جیسن گرین بیلٹ اسرائیل کا دورہ کریں گے اور اپنے اس دورے کے دوران وہ صہیونی ریاست کی لیڈرشپ کو اس منصوبے کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
ریڈیو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکام آئندہ ہفتے فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع کے حل کے لیے تیار کردہ "صدی کی ڈیل” منصوبے کی تفصیلات جاری کریں گے۔
خیال رہے کہ "صدی کی ڈیل” کی اصطلاح امریکا کی طرف سے متعارف کرائی گئی ہے۔ امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان جاری محاذ آرائی کے خاتمے کے لیے صدی کی ڈیل کرانا چاہتی ہے۔ اس منصوبے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں مگر اس حوالے سے لیک ہونے والی معلومات سے پتا چلا ہے کہ امریکا فلسطینیوں کو ان کے جائز اور آئینی مطالبات سے پیچھے ہٹانے کے لیے دبائو ڈالے گا۔ امریکا کی طرف سے فلسطینیوں پر دبائو کا سلسلہ پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے۔