قابض اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے آج ہفتے کو علی الصباح غزہ کی پٹی پر دوبارہ بم باری کی۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں نےغزہ سے اسرائیل پر راکٹ حملے کئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے شمالی غزہ میں متعدد مقامات پربمبار کی تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں بیت لاھیا اور بیت حانون کے مقامات پر بمباری کی جس کے بعد اسکول خالی کرالیے گئے۔
اسرائیلی طیاروں کی طرف سے داغے گئے کئی بم مشرقی غزہ میں بنی سھیلا، خان یونس اور دیگر مقامات پر کھیتوں میں گرے۔
ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ طیاروں نے ایک چار منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا۔ یہ بمباری فلسطینیوں کی طرف سے راکٹ حملوں کے جواب میں کی گئی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں 80 مقامات پر بم باری کی ہے۔ خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کا علاقہ مسلسل کشیدگی کی زد میں ہے۔ غزہ میں طرف ہزاروں فلسطینی روز مرہ کی بنیاد پر احتجاج کررہے ہیں اور اسرائیلی فوج انہیں احتجاج سے روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کررہی ہے۔ دوسری طرف جنگی طیاروں سے بھی وحشیانہ بمباری جاری ہے۔ کل جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے چھ فلسطینی مظاہرین کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کردیا تھا۔