چهارشنبه 30/آوریل/2025

"برج القلق” القدس کی عظمت رفتہ کی عظیم نشانی!

جمعہ 26-اکتوبر-2018

مقبوضہ بیت المقدس کے ان گنت تاریخی مقامات میں ایک "برج القلق” کے نام سے مشہور ہے۔ قلعہ نما یہ عمارت بیت المقدس کی شمالی اور مشرقی دیوار سے متصل ہے اور اس کے بالمقابل فلسطینی میوزیم "روکفلر” واقع ہے۔

یہ بر عثمانی خلیفہ سلطان سلیمان القانونی کے دور میں تعمیر کیا گیا۔ اس کی مشرقی دیوار پر اس کی بنیاد رکھے جانے اور تکمیل کی تاریخ 1538ء اور 1545ء درج ہے۔ بیت المقدس کے ڈائریکٹر آثار قدیمہ یوسف النشتہ کا کہنا ہے کہ "برج القلق” کو القدس کی تاریخی عمارتوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے اور یہ شہر کے اسلامی تشخص کی تاریخی یادگاروں میں سے ایک ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے انہوں‌ نے کہا کہ "برج القلق” کے چار رخ ہیں۔ ان میں زیادہ مشہور شمالی اور مشرقی سمتیں ہیں، جو فن تعمیرکے شاہکار ہیں۔ اس میں پتھر کے کئی حلقے ہیں۔ ان میں سنگ مرمر کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں‌ انہوں‌ نے کہا کہ "برج القلق” دو منزلہ عمارت ہے۔ اس میں داخلے کا ایک آسان اور سیدھا راستہ ہے جو مغربی سمت سے ہے۔ پہلی منزل ایک مربع شکل کے کمرے کی مانند ہے جو شمال، مشرق اور جنوب کی سمت میں پھیلا ہوا ہے۔ شمالی سمت میں تیروں کے حملوں کے لیے روشن دان رکھے گئے ہیں۔

صلاح الدین ایوبی کا منصوبہ

تجزیہ نگار اور القدس کے مورخ ناجح بکیرات کا کہنا ہے کہ "برج القلق” کی تعمیر سلطان صلاح الدین ایوبی کے منصوبوں کا تسلسل ہے۔ صلاح الدین ایوبی بیت المقدس کے تحفظ کے لیے اس کے اطراف میں قلعہ تعمیر کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے اس منصوبے پر 1187ءمیں کام شروع کیا۔ "برج القلق” حساس مقامات پر مشتمل ہے۔ شہر کی دیواروں اور فصیلوں کو بچانے کے لیے جگہ جگہ حفاظتی ٹاور تعمیر کیے گئے۔ ان میں ایک "برج القلق” ہے جو اگرچہ خلافت عثمانیہ کے دور میں تعمیر کیا گیا مگر اس طرح کے دیگر ابراج کی تعمیر صلاح الدین ایوبی کےدور میں‌ ہوگئی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں بکیرات کا کہنا تھا کہ "برج القلق” کئی اہم مقامات پر مشتمل ہے۔ ان میں فلسطینی میوزیم، پرانا جمعہ بازار، مویشی منڈی اور یوسفیہ قبرستان اس کے اہم حصے ہیں۔

مجموعی طوپر "برج القلق” کا رقبہ 9 دونم یا 900 مربع میٹر ہے۔ القدس کے شمال مشرق کی سمت میں یہ ایک اہم تزویراتی مقام ہے جو مسجد اقصیٰ کے صح اور جبل الزیتون تک پھیلا ہوا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی