ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوگلو نے کہا ہے کہ فلسطین اور القدس ان کے لیے بہ منزلہ سرخ لکیر ہیں اور وہ اس سرخ لکیر کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔
اپنے فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی کے ہمراہ انقرہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی فلسطینی قوم کے حقوق اور مطالبات کی حمایت سے دست بردار نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے فلسطینی وزیر خارجہ سے باہمی دلچسپی اور قضیہ فلسطین سے متعلق تمام امور پر بات چیت کی ہے۔
ادھر فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ ترکی کی وجہ سے ہم تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے طاقت رکھتے ہیں۔ فلسطینی قوم اپنے حق خود ارادیت کے حصول اور صہیونی ریاست کے قبضے کے خاتمے کے لیے جدو جہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے فلسطینیوں کی سیاسی، انسانی اور مالی امداد جاری رکھنے پر ترکی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔