شنبه 16/نوامبر/2024

شدید بارشوں اور سیلاب کا دور شروع ہوچکا: سائنسدان

جمعہ 26-اکتوبر-2018

طبیعات دانوں نے خبردار کیا ہے کہ کرہ ارض شدید بارشوں اور سیلابوں کے دور میں داخل ہوگئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کے درجہ حرارت میں اضافے سے گلیشیئر پگھل رہے ہیں، جس کی وجہ سے زمین پر پانی کے بہائو میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بارشیں بھی زیادہ سے زیادہ ہو رہی ہیں۔

چین کی "ووھان” یونی ورسٹی کے پروفیسر جیابویین کاکہنا ہے کہ ہم نے زمین پر بارشوں اور سیلاب میں اضافے کی وجہ جان لی ہے۔ زمین اور اس کے باشندے موسلا دھار بارش اور سیلاب کے دور میں داخل ہوگئے ہیں۔ مستقبل قریب میں بارشوں اور سیلابوں میں اضافہ ہوگا۔ اس لیے زمین پر رہنے والوں کو بارشوں اور سیلاب سے بچائو کے لیے حفاظتی انتظامات کر لینے چاہئیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتائج درجہ حرارت میں اضافے کی صورت میں ہمارے سامنے آ رہے ہیں۔ موسمی تغیرات میں سردیوں اور گرمیوں کے موسموں میں سردی اور گرمی کا بدل جانا بھی شامل ہے۔ موسم گرما میں سردی اور سردیوں میں گرمی پڑسکتی ہے یا طویل عرصے کی خشک سالی بھی ہوسکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کرہ ارض پر موسمیاتی تبدیلیوں کے مظاہر بار بار دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ درجہ حرارت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے اور انسانی جانوں کے ضیاع کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک درجے سینٹی گریڈ میں اضافے سے ہلاکتوں میں 5 فی صد اضافہ ہوسکتا ہے۔ غاروں میں درجہ حرارت بڑھنے سے آسٹریلیا میں ہزاروں چم گادڑیں نکل آئیں اور کیلیفورنیا کے ساحل ہر بڑی تعداد میں مچھلیوں کو مردہ پایا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی