لبنان کے دارالحکومت بیروت کے نواح میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ "المیہ ومیہ” میں چند روز کے سکون کے بعد دو مسلح گروپوں کے درمیان ایک بار پھر تصادم کی اطلاع ہیں۔ ایک ہفتہ قبل اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کی کوششوں سے دونوں گروپوں میں جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا مگر رات گئے دوبارہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
لبنانی اخبار "المستقبل” کے نامہ نگار کے مطابق صیدا شہر میں واقع "المیہ ومیہ” پناہ گزین کیمپ میں متحارب گروپوں نے ایک دوسرے پر راکٹوں سے حملے کیے ہیں۔ زور دار دھماکوں اور گولہ باری کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
ادھر کیمپ میں موجود حماس کے ایک سرکردہ ذمہ دار احمد عبدالھادی نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے کے روز المیہ ومیہ پناہ گزین کیمپ میں تحریک فتح اور انصار اللہ کے درمیان لڑائی کے بعد فائرنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔
گذشتہ ہفتے ہونے والی لڑائی میں تحریک فتح کے دو کارکن ہلاک ہوگئے تھے۔ لڑائی کے دوران مصالحتی کوشش کرنے والے حماس کے ایک رہ نما الشیخ ابراہیم سلامہ کو بھی گولی لگی اور وہ زخمی ہوگئے تھے۔