قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد پر ایک فلسطینی لڑکے کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ مشرقی غزہ کی سرحد پر فلسطینیوں کی بڑی تعداد احتجاج کے لیے جمع تھی۔ اس دوران قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجےمیں 17 سالہ منتصر محمد اسماعیل الباز شہید اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔
محکمہ صحت کےترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ منتصر الباز منگل کے روز مشرقی البریج میں اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوا۔ اسے علاج کے لیے الشفاء میڈیکل کمپلیکس میں لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ادھر دیر البلح کے مقام پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے سات فلسطینی زخمی ہوگئے۔