فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج بدھ کے روز اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران پرتشدد حربوں میں ایک فلسطینی کو گولیاں مار کر شہید کردیا جب کہ گیارہ فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بدھ کے روز غرب اردن کے شمالی شہر طوباس میں طمون کے مقام پر مقامی فلسطینیوں نے صہیونی فوج کے وحشیانہ کریکڈائون کے خلاف احتجاج شروع کیا تو قابض فوج نے نہتے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ، دھاتی گولیوں اور براہ راست فائرنگ کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 11 زخمی ہوگئے۔
قابض فوج نے وحشیانہ کریک ڈائون میں متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
غرب اردن میں طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 21 سالہ محمد محمود سعد بشارات سینے میں گولی لگنے سے شہید ہوگیا جب کہ 11 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والے 3 افراد کی زندگی خطرے میں بتائی جاتی ہے۔5 فلسطینی اشک آور گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے طمون کے مقام پر جمع ہونے والے فلسطینیوں پر اندھا دھند گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں ایک درجن فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔