سوڈان کے سابق صدر سوار الذھب گذشتہ روز سعودی عرب میں انتقال کرگئے تھے۔ انہیں ان کی وصیت کے مطابق مدینہ منورہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مرحوم سوڈانی صدر کی وصیت پرعمل درآمد کی اجازت دیتے ہوئے انہیں مدینہ ہی میں دفن کرنے کی اجازت دی ہے۔
خیال رہے کہ سابق سوڈانی صڈر فیلڈ مارشل عبد الرحمن محمد حسن سوار الذہب سعودی دارالحکومت الریاض کے ایک فوجی اسپتال میں جمعرات کے روز وفات پا گئے تھے۔ان کی عمر 83 برس تھی۔
سوار الذہب سوڈان کی مسلح افواج کے سابق چیف آف اسٹاف تھے۔ وہ سوڈان کے شہر الابیض میں 1935ء میں پیدا ہوئے تھے۔وہ 6 اپریل 1985ء سے6مئی 1986ء تک سوڈان کے صدر رہے تھے۔ وہ صدر جعفر النمیری کا تختہ الٹ کر برسر اقتدار آئے تھے۔ مگر انھوں نے 1986ء میں خود اقتدار صدر صادق المہدی کی منتخب حکومت کے حوالے کردیا تھا۔
اس کے بعد 1987ء میں وہ سیاست سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے اور خود کو اسلامی دعوہ تنظیم کی سرگرمیوں کے لیے وقف کردیا تھا۔وہ اس تنظیم کے چئیرمین اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے سیکریٹری جنرل تھے۔