اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ نے صہیونی ریاست کی طرف سے غزہ کی پٹی پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیوں کو مسترد کردیا ہے۔ القسام بریگیڈ نے باور کرایا ہے کہ اگر غزہ کی پٹی پر جنگ مسلط کی گئی تو غزہ کو قابض فوج کا قبرستان بنا دیں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کی عسکری اور سیاسی قیادت نے فلسطینی مجاھدین کی طاقت کا غلط اندازہ لگایا ہے۔ جنگ کی صورت میں فلسطین کا بچہ بچہ سروں پر کفن باندھ کر دشمن کے خلاف میدان جہاد میں اترے گا۔ 25 سکینڈ کے اس فوٹیج میں القسام بریگیڈ نے اپنی عسکری تیاریوں کی ایک جھلک بھی دکھائی ہے جس میںمجاھدین کو بڑے پیمانے پر راکٹ تیار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ القسام بریگیڈ کی طرف سے صہیونی دشمن کو یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب دوسری طرف قابض صہیونی فوج نے غزہ کی سرحد پر اسلحہ اور فوج جمع کرنا شروع کردی ہے۔ دو روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر 20 مقامات پر بمباری کی تھی۔ اس موقع پر فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے صہیونی ریاست پر راکٹ حملے بھی کیے گئے۔