فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی بمباری کےنتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق آج بدھ کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں مختلف اہداف پر جنگی طیاروں سے میزائل گرائے۔ شمالی غزہ کے بیت لاھیا قصبے میں بمباری کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت ناجی الزعانین کے نام سے کی گئی ہے اور اس کی عمر25 سال بتائی جاتی ہے۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کی طرف سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت لاھیا میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں سے بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ادھر اسرائیلی فوج کےترجمان نے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج بدھ کو غزہ کی پٹی پر 20ٓ اہداف پر بمباری کی گئی اور فلسطینی مزاحمتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر بمباری وہاں سے راکٹ حملوں کے بعد کی گئی ہے۔ رات گئے غزہ کی پٹی سے متعدد راکٹ داغے گئے تھے جو بئرسبع کے علاقے میں گرے۔ صہیونی فوج نے غزہ کی پٹی میں تازہ کشیدگی کی ذمہ داری اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” پر عاید کی ہے اور کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے خلاف کارروائی ابھی جاری ہے۔
درایں اثناء مصر کی جانب سےغزہ میں جنگ کی کیفیت روکنے کے لیے امن کوششیں بھی تیز کردی گئی ہیں۔ مصری حکومت کی طرف سے غزہ کی پٹی میں حماس اور اسرائیلی حکومت سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔