جرمن چانسلر انجیلا میرکل آج بدھ کو سرکاری دورے پر اسرائیل پہنچ رہی ہیں۔ ان کے اس دورے کو صہیونی ذرائع ابلاغ نے غیرمعمولی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
کثیرالاشاعت عبرانی اخبار "ہارٹز” کی رپورٹ کے مطابق انجیلا میرکل جرمنی اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ان کے حالیہ دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہے۔
جرمن چانسلر کافی عرصے کے بعد اسرائیل کا دورہ کر رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ سابق وزیراعظم ایہود اولمرٹ کے دور میں اسرائیل کے دورے پر آئی تھیں۔
اخباری رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ جرمن چانسلر انجیلا میرکل وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور اسرائیل کی کاروباری شخصیات سےبھی ملاقاتیں کریں گی۔ اسرائیلی صدر روف ریفلین کے ساتھ بھی ان کی ملاقات شیڈول کا حصہ ہے۔
جرمن چانسلر اسرائیلی وزیراعظم اور صدر کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں کے بعد پریس کانفرنس بھی کریں گی۔ وہ ایک ایسے وقت میں اسرائیل کے دورے پر آ رہی ہیں جب غزہ کی پٹی کے علاقے میں کشیدگی اور جنگ کا ماحول ہے۔ اس کے ساتھ اتھ اسرائیل غرب اردن اور دوسرے فلسطینی علاقوں بالخصوص سیکٹر ‘c’ میں یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کی کارروائیوں میں سرگرم ہے۔
اسرائیلی لیڈر شپ سے ملاقات کے بعد میرکل آسٹریا کے دورے پر روانہ ہوجائیں گی۔ عبرانی اخبارات کے مطابق جرمن چانسلر کا دورہ اسرائیل تجارتی اور اقتصادی حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ تاہم ان کا یہ دورہ صرف اسرائیل تک محدود ہوگا۔ وہ فلسطینی اتھارٹی کی قیادت سے ملنے رام اللہ نہیں جائیں گی۔