سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی کنیسٹ کی طرف سے منظور کردہ یہودی قومیت کے قانون کے خلاف آج تمام شہروں میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہڑتال کی کال مقامی فلسطینیوں کی نمائندہ سپریم فالو اپ کمیٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔
یہ ہڑتال اسرائیل کو یہودیوں کا قومی وطن قرار دینے اور القدس میں اسرائیلی فوج کی غنڈی گردی کے خلاف بہ طور احتجاج کی جا رہی ہے۔ فالو اپ کمیٹی کی کال پرہونے والی ہڑتال کے موقع پر اندرون فلسطین کےتمام شہروں اور قصبوں میں تعلیمی سرگرمیاں، تجارتی مراکز بند رہیں گے اور سڑکوں پر ٹریفک نہیں چلے گی۔
خیال رہے کہ ان دنوں فلسطینی شہری سنہ 1948ء میں تحریک الاقصیٰ کی یاد میں مظاہرے کرتے ہیں۔ یہ مظاہرے سنہ 2000ء میں اسرائیلی فوج کےبیت المقدس پر حملے میں 13 فلسطینیوں کی شہادت کی یاد میں کیے جاتے ہیں۔
رواں سال جولائی میں اسرائیلی کنیسٹ نے صہیونی ریاست کو دنیا بھر کے یہودیوں کا قومی ملک قرار دیا تھا۔ اسرائیل کو یہودیوں کا قومی وطن قرار دینے کے خلاف فلسطینی اکثر احتجاجی مظاہرے کرتے اور نسل پرستانہ صہیونی پالیسیوں کےخلاف احتجاج کرتے ہیں۔