ترکی نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر صہیونی فوج کی ننگی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ شہریوں کے قتل عام کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں طاقت کا استعمال بلا جواز اور مجرمانہ اقدام ہے۔ ہم اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی، سلامتی کونسل اور عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کا حق حاصل ہے۔ قابض فوج نہتے اور بے گناہ فلسطینی مظاہرین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ ترکی کا اشارہ غزہ کی پٹی میں گذشتہ جُمعہ کو فلسطینی مظاہرین پرطاقت کے استعمال کی طرف تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو غزہ کی پٹی میں مظاہروں پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جس کےنیتجے میں سات فلسطینی شہید اور 500 سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔