آج بدھ کو ہزاروں یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کے تاریخی مقام ’دیوار براق‘ کے سامنے جمع ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر یہودی اشرار کو پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق بدھ کو علی الصباح اسرائیلی فوج اور پولیس نےمسجد اقصیٰ کےاطراف میں تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی تھی۔ صرف یہودی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ کی طرف جانے کی اجازت دی جا رہی تھی۔
اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں ہزاروں یہودی گروپوں اورٹولیوں کی شکل میں قبلہ اول میں داخل ہوئے اور مقام براق پرجمع ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات دا کیں۔
خیال رہے کہ یہودی ان دنوں ’عید العرش‘ نامی مذہبی تہوار منا رہے ہیں۔ اس تہوار کی آڑ میں یہودی ایک ہفتے تک قبلہ اول کا تقدس پامال کرتے رہے ہیں۔
ادھر فلسطینی محکمہ اوقاف کی طر ف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز 382 یہودی آباد کاروں نے قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اس موقع پر یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول میں داخلے کی کھلی چھٹی فراہم کی گئی تھی جب کہ فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا تھا۔