چهارشنبه 30/آوریل/2025

روس کے ساتھ کشیدگی، معاملہ اسرائیلی کابینہ میں زیربحث!

بدھ 26-ستمبر-2018

گذشتہ ہفتے شام میں اسدی فوج کی جانب سے غلطی سے روسی جنگی طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعے کے بعد اسرائیل اور روس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

روس نے شام میں اپنے جنگی جہاز’ایل 20‘ کے حادثے کی ذمہ داری اسرائیل پر عاید کرتے ہوئے صہیونی ریاست کی طرف سے تیار کردہ رپورٹ مسترد کردی ہے۔

عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ کے مطابق روس کے ساتھ کشیدگی کا معاملہ گذشتہ روز کابینہ کی سیاسی و سیکیورٹی کمیٹی میں زیربحث آیا۔ اس موقع پر اسرائیلی وزراء نے روس کے ساتھ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

عبرانی اخبار کے مطابق روس کی طرف سے اسرائیل کی تحقیقاتی رپورٹ کو مسترد کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکا میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے روس کے ساتھ طیارہ حادثے کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی مگر روس نے دوٹوک الفاظ میں الزام عاید کیا ہے کہ طیارہ حادثے کا سبب اسرائیل تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے شام میں سرکاری فوج نے ’ایس 300‘ میزائل کے ذریعے روس کا ایک جنگی طیارہ غلطی سے مار گرایا تھا جس کے نتیجے میں 14 روسی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ روس نے اس حملے کی ذمہ داری اسرائیل پرعاید کی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی