فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج نے جُمعہ کے روز تحریک واپسی کے مظاہرین پرحملہ کرکے ایک فلسطینی شہری کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کر دیا تھا جس کے بعد حق واپسی تحریک کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 194 تک جا پہنچی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کے روز مشرقی غزہ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کی ایک ریلی پر آنسوگیس کی شیلنگ، براہ راست فائرنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 25 سالہ کریم محمد کلاب شہید اور 312 شہری زخمی ہوگئے۔
نامہ نگار کے مطابق مشرقی غزہ کی پٹی میں 26 ویں جمعہ کو ’انسداد ناکہ بندی‘ اور حق واپسی مظاہرے کیے گئے۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء سے غزہ کی مشرقی سرحد پر فلسطینیوں نے حق واپسی تحریک کا آغاز کیا۔ حق واپسی تحریک اب خونی تحریک میں تبدیل ہوچکی ہے جس میں اب تک 194 فلسطینی شہید اور 20 ہزا472 زخمی ہو چکے ہیں۔ شہداء مین 32 کم عمربچے بھی شامل ہیں۔ 5030 شہری گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔