منگل کے روز اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ایک سال میں 63 لاکھ بچے لقمہ اجل بنے۔ ان کی عمریں 15 سال سے کم تھیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ برس اوسطا ہر پانچ سیکنڈ کے بعد ایک بچے کی موت واقع ہوتی رہی ہے۔ بچوں کی اموات کے کئی اسباب ہیں جن میں پانی، خوراک،علاج اور دیگر بنیادی اور اساسی ضروریات کی عدم دستیابی شامل ہے۔
یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے اداروں ’یونیسیف‘ اور بین الاقوامی گروپ برائے امور آباد کاری اور عالمی بنک کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کم سن بچوں میں اموات کی وجوہات میں پیدائش کے وقت جسمانی کمزوری، بیماریاں، گردوں میں انفیکشن، دست، خون میں زہر کے اثرات اور ملیریا شامل ہیں۔
یونیسیف کے ڈائریکٹر لورنس چانڈی کا کہنا ہے کہ اگر سنہ 2030ء تک بچوں کی صحت، خوراک اور بنیادی ضروریات کے حوالےسے موثر اقدامات نہ کیے گئے تو بچوں میں ہلاکتوں کی یہ شرح 56 ملین تک پہنچ سکتی ہے۔