فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی شمالی سرحد پر ایک احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم 14 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں ’دیر البلح‘ کے مقام پر اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور ناکہ بندی کے خلاف اور حق واپسی کے حق میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں فلسطینیوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام گذشتہ کئی ہفتوں سے علاقے کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گذشتہ روز غزہ کی سمندری ناکہ بندی توڑنے کی 8 ویں کوشش کی گئی جسے اسرائیلی فوج نے ناکام بنا دیا۔
غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں فلسطینیوں پر فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 95 شہری زخمی ہوگئے۔ ان میں سے 26 فلسطینی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔
یاد رہے کہ 30 مارچ 2018ء کے بعد سے غزہ میں جاری احتجاجی تحریک کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور تشدد کے نتیجے میں 180 سے زاید فلسطینی شہید اور 19ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔