مصری وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ملک پر بیرونی قرضے کا حجم 93 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جون 2018ء کے آخر تک بیرونی قرضوں کے جو اعدادو شمار سامنے آئے تھے ان کے مطابق مصر پر غیرملکی قرضوں کا بوجھ92 ارب 64 کروڑ ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔
مقامی اخبار ’الوطن‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ رواں سال جون تک قومی پیداوار کے مقابلے میں غیرملکی قرضوں میں 37.2 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
مدبولی کا کہنا تھا کہ مصر میں بیرونی قرضوں کا بوجھ سالانہ 13 ارب ڈالر کے تناسب سے بڑھ رہا ہے۔ پچھلے سال غیرملکی قرضوں کا حجم 79 ارب ڈالر تھا۔
گذشتہ منگل کو مصری وزیر خزانہ محمد معیط نے کہا تھا کہ ان کی حکومت غیرملکی قرضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے ایک نئے اکنامک پلان پر عمل کر رہی ہے۔