قابض صہیونی حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں کوبر کےمقام پر ایک فلسطینی شہری کا مکان مسمار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تین اسرائیلیوں کو ہلاک کرنے الزام میں قید عمر العبد کے اہل خانہ کو اسرائیلی حکام کی طرف سے ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ چند روز کے اندر اندر مکان خالی کردیں، اسے مسمار کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ اسیر عمر العبد کو اسرائیلی فوج نے کچھ عرصہ قبل رام اللہ کے قریب ’حلمیش‘ یہودی کالونی کے باہر سے حراست میں لیا تھا۔ اس پر تین یہودی آباد کاروں کو چاقو کے ذریعے ہلاک کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا گیا اور چار بار عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
العبد کو بھی گولیاں مار کر زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ اب اس کے اہل خانہ کو بھی اجتماعی سزا کے طور پرمکان کی چھت سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔