چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیل دشمن ریاست، کوئی سیاسی سمجھوتا نہیں کریں گے: ھنیہ

ہفتہ 8-ستمبر-2018

اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ اسرائیل ایک غاصب اور دشمن ریاست ہے جس کے ساتھ کوئی سیاسی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں ایک تقریب سے خطاب میں اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ان کی جماعت اسرائیل کے داخلی سلامتی کے ادارے ‘شاباک‘ کے ساتھ حالت جنگ میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  حماس قومی مصالحت، غزہ کی ناکہ بندی کو مکمل طورپر ختم کرنے اور فلسطینی قوم کے مسائل اور حقوق کی جنگ لڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ تاہم فلسطینی قوم کے حقوق کی قیمت پر اسرائیل کے ساتھ کوئی سیاسی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب مصالحتی مذاکرات بند گلی میں داخل ہوگئے تو غزہ میں بحران کھڑے کرنے کے لیے ایسے واقعات پیداکیے گئے مگرغزہ میں فلسطینیوں کی تحریک حق واپسی نے ان سازشی منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔

حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ بعض علاقائی ممالک فلسطینی دھڑوں میں مصالحت نہیں چاہتے۔ ہم نے مصالحت کو ناکام بنانے کی تمام سازشیں ناکام بنا دی ہیں مگر افسوس کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ فلسطینی دھڑوں میں مصالحت نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی دھڑوں میں مصالحت ناکام بنانے والوں میں اسرائیل ، اس کےخفیہ ادارے اور بعض علاقائی ممالک بھی پیش پیش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی ناکہ بندی کا مکمل خاتمہ ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے اور حماس کی قیادت نے غزہ کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا تہیا کر رکھا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی