امریکی حکومت کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے ذمہ دار ادارے‘اونروا‘ کی امداد بند کیے جانے کے خلاف اردن میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم فلسطینی پناہ گزین کیمپ’الوحدات‘ کی مرکزی جامع مسجد سے سیکڑوں افراد کا ایک جلوس نکلا جو ریلی کی شکل میں جنوبی عمان میں’اونروا‘ کے انتظامی امور کے دفتر کے سامنے جا کر ختم ہوا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر امریکا کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد بند کیے جانے کے خلاف شدید نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی پناہ گزین رہ نماؤں نے امداد کی بندش کو امریکا کی انتقامی کارروائی اور صہیونی نوازی قرار دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا امریکی حکومت صہیونی لابی کے دباؤ میں آ کر لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کے مُسلمہ حقوق کو ختم کرنے کی سازشیں کررہی ہے۔