قابض اسرائیلی حکام نے زیرحراست فلسطینی رہ نما 41 سالہ الشیخ یوسف اللحام کی مدت حراست میں چھ ماہ کی توسیع کردی ہے۔ ان کی مدت حراست میں یہ مسلسل چوتھی توسیع ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ’عوفر‘ کی مرکزی عدالت کے جج نے الشیخ یوسف اللحام کے وکیل کو بتائے بغیر راز داری کے ساتھ ان کی انتظامی قید میں مزید توسیع کردی۔
صہیونی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ اللحام کی مدت حراست میں توسیع اس لیے کی گئی ہے کیونکہ وہ اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ان کا تعلق اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے ساتھ ہے اور وہ علاقے کی سلامتی کے لیے مستقل خطرہ ہیں۔
خیال رہے کہ بیت المقدس کے الدھیشہ پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی رہ نما ایک سرگرم سماجی اور فلاحی رہ نما ہیں۔ وہ الدھیشہ پناہ گزین کیمپ میں ایک مسجد میں امامت کے فرائض بھی انجام دیتے رہے ہیں۔ انہیں ڈیڑھ سال قبل حراست میں لیا گیا تھا۔ مگر وہ 14 سال اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔ اس میں سے آٹھ سال انتظامی قید پر مشتمل ہے۔