ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک ترکی اور پاکستان کے ساتھ مل کر فوجی صنعت کو فروغ دینے اور جنگی طیارے بنانے کےپروگرام پر کام کررہا ہے۔
ایک بیان میں ایرانی صدر حسن روحانی نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے’کوثر‘ جنگی طیارے کی نمائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ نیا طیارہ ہرقسم کا اسلحہ لے جانے اور محدود آپریشنل کارروائیوں میں حصہ لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ فوجی صنعت کے میدان میں دونوں دوست اور برادر ملک پاکستان اور ترکی کے ساتھ تعاون جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی، پاکستان اور ایران مل کر جنگی طیارے تیار کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
ایرانی صدر نے امریکا کی طرف سے ترکی پر عاید کی گئی پابندیوں کی مذمت کی اور کہا کہ امریکا ناقابل اعتبار ملک ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف جارحیت کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔