فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اسیران کے اہل خانہ کے روکے گئے مالی وظائف کی بحالی کی یقین دہانی کے بعد 26 روزہ ہڑتال ختم کردی گئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق 40 سے زاید فلسطینی اسیران نے رام اللہ اتھارٹی کی طرف سے 135 اسیرخاندانوں کے روکے جانے کے خلاف 26 دن مسلسل بھوک ہڑتال کی تھی۔ اسیران کی طرف سے قریبا ایک ماہ تک جاری رہنے والی ہڑتال کے بعد فلسطینی اتھارٹی نے اسیران کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں اور اسیران کے اہل خانہ کے معطل کیے گئے وظائف بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فلسطینی تحریک اسیران کا کہنا ہے کہ ہم صدرعباس کی طرف سے اسیران کے اہل خانہ کے مالی وظائف بحال کرنے کی یقین دہانی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جب تک مقطوعہ وظائف کو مکمل طورپر بحال نہیں کر دیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
تحریک اسیران نے فلسطینی قوم کے نمائندہ دھڑوں کے مابین مصالحت اور مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ فلسطینیوں کو قومی یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے، ماضی میں کبھی نہ تھی۔