لبنان کی مزاحمتی تنظیموں حرکت انصاراللہ کی مجلس شوریٰ اور حزب اللہ کی قیادت نے صہیونی ریاست کے جرائم کے خلاف مسلح جدو جہد اور مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق انصار اللہ کی قیادت کے ایک وفد نے گذشتہ روز بیروت میں حزب اللہ کے صدر دفتر کا دورہ کیا اور تنظیم کی قیادت سے ملاقات کی۔
حزب اللہ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب ممالک میں امریکی اور صہیونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے عرب دنیا کی مزاحمتی قوتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور صہیونی مل کر فلسطینی کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے اور اس مذموم مقصد کے لیے ’صدی کی ڈیل‘ کی سازش شروع کی گئی۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ تنظیم صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف مزاحمت کے تمام راستے استعمال کرنے کی پالیسی پرقائم رہے گی۔ حزب اللہ نے ماضی میں بھی صہیونی ریاست کے خلاف اور فلسطینی قوم کی حمایت کی اور امریکی، صہیونی گٹھ جوڑ کو ناکام بنایا ہے۔