اقوام متحدہ کے امن مندوب برائے مشرق وسطیٰ نیکولائے میلا ڈینوف ہفتے کے روز یو این کے تین سینیر عہدیداروں کے ہمراہ غزہ پہنچ گئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کے سیکیورٹی ذریعے کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے مندوب تین عہدیداروں کے ہمراہ غرب اردن کے راستے بیت حانون گذرگاہ سے غزہ داخل ہوئے۔
اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ایک ایسے وقت میں غزہ پہنچے ہیں جہاں حال ہی میں اسرائیل اور فلسطینی تنظیموں کے درمیان کشیدگی کے بعد حالات قدرے پرامن ہوئے ہیں۔
قبل ازیں اقوام متحدہ کے امن مندوب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں تھے جہاں انہوں نے قطری حکام سے بھی غزہ کی کشیدہ صورت حال پر بات چیت کی۔
غزہ میں تازہ کشیدگی کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اور دو درجن سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔