ٹیکنالوجی کے ایک بین الاقوامی مقابلے میں فلسطینی ماہرین کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے ملک و قوم کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی ریاست سانس فرانسسکو میں ہونے والے موبائل ایپلی کیشن کے عالمی مقابلے’ٹیکنوفیشن‘ میں 10 سال سے 18 سال کی عمر کی خواتین کو درپیش مشکلات کےحل کے لیے تیار کی جانے والی موبائل ایپ نے عالمی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
فلسطینی وزارت تعلیم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ امریکا میں ہونے والے مقابلے میں فلسطینی ٹیکنالوجی ٹیم نے ’ٹی ایم ڈبل یو زڈ‘ کے عنوان سے حصہ لیا۔ حتمی مقابلے میں 14 ممالک کی 18 ٹیمیں جن میں بھارت، روس، امریکا، چین اور مصر کے ماہرین شامل تھے نے حصہ لیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی مقابلے میں کئی ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں جنہوں نے اپنی جانب سے موبائل ایپس تیارکی تھیں تاہم آخری مقابلے میں صرف اٹھارہ گروپوں کو منتخب کیا گیا۔