فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر حق واپسی کے لیے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی فوج نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک امدادی کارکن سمیت دو فلسطینئ شہید اور 307 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
جمعہ کے روز غزہ کی مشرقی سرحد پر اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کےدرمیان کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نےکو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مشرقی رفح کے مقام پر ایک فلسطینی امدادی کارکن عبداللہ القططی کو گولیاں ماریں۔ گولیاں اس کے سینے میں لگیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
دوسرے فلسطینی شہید کی شناخت علی سعید العالول کے نام سے کی گئی ہے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک سو سے زائد فلسطینی مظاہرین زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 158 فلسطینی شہید 17 ہزار زخمی ہوگئے تھے۔