فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر حق واپسی کے لیے احتجاجی ریلی پراسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق 17 سالہ احمد جھاد العایدی جمعہ کے روز مشرقی غزہ میں تحریک حق واپسی ریلی میں شرکت کے دوران اس وقت زخمی ہوگیا تھا جب قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر براہ راست فائرنگ کی تھی۔
العایدی کو زخمی ہونے کے بعد الشفاء میڈیکل کمپلیکس میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ اتوار کی شام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے علاقے میں رہنے والے فلسطینی پناہ گزین 30 مارچ 2018ء سے مشرقی سرحد پر روزانہ کی بنیاد پر مظاہرے کررہے ہیں۔ مظاہرین فلسطینی پناہ گزین اپنی وطن واپسی کا مطالبہ کررہے ہیں۔
اسرائیلی فوج فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا اندھا دھند استعمال کرتی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 166 فلسطینی شہید اور 16 ہزار سے زاید زخمی ہوچکے ہیں۔