سویڈن کی پولیس کو ایک گرجا گھرمیں موجود غیرمعمولی قیمت کے حامل شاہی تاج لے جانے والے چوروں کی تلاش ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق منگل کے روز دارالحکومت اسٹاک ہوم کے قریبی شہر اسٹرانگنس میں دن دیہاڑے چور گرجا گھر میں داخل ہوئے اور سترھویں صدی کے دور کے بیش قیمت سنہری شاہی تاج اور ایک گلوب لے کر رفو چکر ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے دو مشکوک افراد کو چرچ سے باہر آتے دیکھا۔ اس وقت چرچ عام لوگوں کی آمد ورفت کے لیے کھلا تھا۔
دونوں مشتبہ افراد بحیرہ مالارین میں ایک کشتی کے ذریعے نامعلوم سمت کو روانہ ہوگئے تھے۔
پولیس نے مشتبہ چوروں کی تلاش شروع کی ہے۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چور ابھی تک فائدہ میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والا تاج قومی خزانہ ہے جس کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی۔