فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر جُمعہ کے روز حق واپسی احتجاجی مارچ کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید اور 200 سے زاید زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ جُمعہ کو مشرقی غزہ کی سرحد پر احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے گولیاں چلائیں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 25 سالہ احمد یحیٰی عطا اللہ یاغی شہید اور 220 شہری زخمی ہوگئے۔ 90 فلسطینی براہ راست فائرنگ سے زخمی ہوئے جب کہ بڑی تعداد میں فلسطینی مظاہرین آنسوگیس کی شیلنگ میں زخمی ہوگئے۔
غزہ کی مشرقی سرحد پر 19 ویں ہفتے میں ہونے والے احتجاج کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ڈیڑھ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ گذشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں 50 کو اسپتالوں میں منتقل کیا ہے جن میں سے تین کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے جب کہ 70 کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔
جُمعہ کو ہزاروں فلسطینیوں نے مشرقی غزہ میں ہونے والی احتجاجی ریلیوں میں حصہ لیا۔ اس موقع پراسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کےسیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اور جماعت کے بیرون ملک سیاسی شعبے کے ارکان سمیت جماعت کے رہ نماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔