فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج نے 17 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن میں تلاشی کے دوران 17 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے بعج مشتبہ مزاحمت کار بھی شامل ہیں۔
غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران عمر رسیدہ خاتون کفاح حجازی الحسینی، بیت امر سے تین فلسطینیوں، شمالی رام اللہ کے الجلزون پناہ گزین کیمپ سے چار اور دو فلسطینیوں کو جنین کے نواحی علاقے قباطیہ سے حراست میں لیا گیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق قلقیلیہ میں کفر عقب سے تین، بیت المقدس سے دو، جنین میں الیامون سے دو اور رام اللہ میں دیر ابو مشعل کے مقام سے ایک فلسطینی کوگرفتار کیا گیا۔
بیت لحم میں تلاشی کےدوران الدھیشہ، مشرقی کالونی اور طولکرم سے بھی ایک ایک فلسطینی کو گرفتار کیا گیا۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی کے مطابق منگل کو الدھیشہ پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کے دوران فوج پر سنگ باری کی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اسرئیلی فوجی اہلکار زخمی ہوگئی۔ عبرانی ٹی وی 2 کے مطابق فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کی گئی کارروائی کے دوران فلسطینیوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔